بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو فوری رہا کیا جائے، بیرسٹر گوہر کا مطالبہ

نورین نیازی کی طبیعت خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں جیل سے منتقل کرکے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا گیا۔

October 29, 2026 · قومی
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو فوری رہا کیا جائے، بیرسٹر گوہر کا مطالبہ

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو فوری رہا کیا جائے، بیرسٹر گوہر کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو قید میں رکھنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس وقت صورتحال کافی مشکل ہے۔ ان کے مطابق نورین نیازی کی طبیعت خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں جیل سے منتقل کرکے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ نورین نیازی سمیت عمران خان کی دیگر دونوں بہنوں کو بھی فوری طور پر رہا کیا جائے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ خواتین کو قید میں رکھنا ہماری روایات کا حصہ نہیں۔ انہوں نے سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج کے نفاذ اور ان کی جماعت کی حکومت ختم ہونے کے بعد کم از کم ایسے معاملات کو ختم کیا جانا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجرم نہیں بلکہ ہیرو ہیں، کیونکہ انہوں نے جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر عمران خان کی بہنوں کی رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اس معاملے کو فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے۔