یونان میں 41 سالہ پاکستانی شہری کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی

ویڈیو بنانے اور سمندر میں پھینکنے کا الزام،پولیس نے دو پاکستانی گرفتار کرلیے

October 29, 2026 · بام دنیا

یونان میں 41 سالہ پاکستانی شہری کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی

 یونان کے شہر تھیسالونیکی میں ایک 41 سالہ پاکستانی شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ چھ پاکستانی شہریوں نے اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، واقعے کی ویڈیو بنائی اور بعد ازاں اسے سمندر میں پھینک دیا

یونانی خبر رساں ویب سائٹ تھیسٹیول کے مطابق، یہ واقعہ منگل 27 اکتوبر کی صبح سویرے ایگیون پاندون کے علاقے میں پیش آیا۔ متاثرہ شخص کی شکایت کے مطابق، چھ افراد نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے ساتھ زبردستی جنسی عمل کیا۔

الزام ہے کہ ان میں سے ایک شخص واقعے کی ویڈیو بناتا رہا، جبکہ دوسرے نے کسی تیز دھار آلے سے اس کے ہاتھ پر زخم لگایا۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ ملزمان بعد ازاں اسے موٹر سائیکل پر بٹھا کر شہر کے مرکزی علاقے میں لے گئے اور وہاں سمندر میں پھینک دیا۔

واقعے کے بعد یونانی ایمرجنسی سروس کی ایمبولینس کے ذریعے اسے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

پولیس کے مطابق، وائٹ ٹاور کے علاقے میں جرائم کی تفتیش کرنے والے اہلکاروں نے بدھ کی صبح کارروائی کرتے ہوئے 40 اور 34 سالہ دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ دونوں گرفتار افراد اس واقعے میں مبینہ طور پر ملوث چھ افراد میں شامل ہیں۔

حکام نے ملزمان کے خلاف مبینہ اجتماعی زیادتی، اقدامِ قتل، اسلحے سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی اور ذاتی معلومات کے تحفظ سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

گرفتار ملزمان کو مقدمے کی فائل کے ساتھ متعلقہ استغاثہ کے حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔