ہانگ کانگ سکسز: دفاعی چیمپئن پاکستان کو پہلے میچ میں یو اے ای کے ہاتھوں شکست
یو اے ای نے آخری اوورز میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا کر کامیابی حاصل کر لی
ہانگ کانگ سکسز: دفاعی چیمپئن پاکستان کو پہلے میچ میں یو اے ای کے ہاتھوں شکست
ہانگ کانگ: ہانگ کانگ سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کو اپنے افتتاحی میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے گروپ سی کے مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور 8 چھکے شامل تھے۔ عبدالصمد نے بھی 15 گیندوں پر ناقابلِ شکست 39 رنز بنائے۔
107 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای نے آخری اوورز میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا کر کامیابی حاصل کر لی۔
متحدہ عرب امارات کے کپتان خالد شاہ نے پاکستانی بولرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور محض 20 گیندوں پر 71 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ زاہد علی نے بھی 8 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی، عبدالصمد اور عرفان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس شکست کے بعد دفاعی چیمپئن پاکستان کا اگلا مقابلہ آج بھارت سے صبح 11 بجے شیڈول ہے۔