راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 200 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے

راشد خان نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا

October 30, 2026 · اسپورٹس
راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 200 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے

راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 200 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے

افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 200 وکٹیں مکمل کرلیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔

راشد خان نے جمعرات کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے زمبابوے کے اوپنر تادیواناشے مارومانی کو آؤٹ کرکے اپنی 200ویں وکٹ حاصل کی۔ یہ ان کے کیریئر کا 120واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ راشد خان نے 2015 میں بھی زمبابوے ہی کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور تقریباً 11 سال بعد اسی ٹیم کے خلاف ایک تاریخی اعزاز اپنے نام کرلیا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سودھی 165، ٹم ساوتھی 164 اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا 163 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

راشد خان مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ وہ 551 میچز میں 742 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 658 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔