امریکا کی آبنائے ہرمز میں سمندری ڈرون تباہ ہونے کے ایرانی دعوے کی تردید
مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوج کے تمام بغیر پائلٹ بحری جہازوں کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ
امریکا کی آبنائے ہرمز میں سمندری ڈرون تباہ ہونے کے ایرانی دعوے کی تردید
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے آبنائے ہرمز میں امریکی سمندری ڈرون تباہ کرنے سے متعلق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوج کے تمام بغیر پائلٹ بحری جہازوں کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی بحریہ کے جدید سمندری ڈرونز کا ایک اسکواڈرن سینٹرل کمانڈ کی دفاعی حکمت عملی کے تحت آبنائے ہرمز میں گشت کر رہا ہے۔
اس سے قبل ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں سرگرم ایک امریکی سمندری ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔ تاہم ایرانی میڈیا کی جانب سے اس ڈرون کی شناخت یا تباہی سے متعلق کوئی تفصیلی شواہد سامنے نہیں لائے گئے۔
دوسری جانب ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دو تیل بردار جہاز ایسے سمندری علاقوں سے گزرنے کے بعد بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے جنہیں ایران نے ممنوعہ قرار دے رکھا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
ادھر پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا کہنا ہے کہ اس نے دو تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے ممنوعہ راستوں کے ذریعے گزرنے کی کوشش کے دوران روک لیا تھا۔
آبنائے ہرمز میں امریکی اور ایرانی دعوؤں کے بعد خطے میں بحری نقل و حرکت اور تیل کی ترسیل سے متعلق صورتحال مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔