50 ہزار کے قرض پر مائیکروفنانس ادارے نے خاتون کو قید کرلیا،شوہر نے اپنی جان لے لی

گھریلو مجبوری کے باعث نجی بینک سے 50 ہزار روپے قرض حاصل کیا تھا، تاہم وہ مقررہ وقت پر قرض کی قسط ادا نہ کر سکیں

October 31, 2026 · امت خاص
50 ہزار کے قرض پر مائیکروفنانس ادارے نے خاتون کو قید کرلیا،شوہر نے اپنی جان لے لی

50 ہزار کے قرض پر مائیکروفنانس ادارے نے خاتون کو قید کرلیا،شوہر نے اپنی جان لے لی

شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد میں مائیکرو فنانس بینک کے عملے کے مبینہ ناروا سلوک سے دلبرداشتہ ہو کر ایک محنت کش نے زہریلی گولیاں نگل لیں، جس کے نتیجے میں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقہ فاروق آباد میں افسوسناک واقعہ پیش ایا ہے جہاں آمنہ بی بی نے ایک مائیکرو فنانس بینک سے قرض لیا، خاتون قرض کی قسط ادا نہ کر سکی تو عملے نے جس میں ایک مرد اور ایک خاتون(حسنین، سعدیہ) شامل تھے خاتون کو گھر سے اغوا کیا اور اپنے دفتر میں لے جا کر ایک کمرے میں بند کر دیا۔ خاتون کے اہل خانہ کے مطابق آمنہ کو کئی گھنٹے کمرے میں بند رکھا گیا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔خاتون امنہ کا شوہر اختر جب اہلیہ کو چھڑوانے پہنچا تو تمام منت ترلے کے باوجود اسے نہ چھوڑا گیا جس پر خاتون کے شوہر نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ورثاء کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے دلبرداشتہ ہو کر اختر نے بینک کے سامنے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اسے فوری طور پر شیخوپورہ اور بعد ازاں لاہور منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں بینک کے ذمہ دار اہلکاروں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔