کراچی پورٹ پر ایک لاکھ ایک ہزار ٹن کھاد اور گندم کی آمد
بندرگاہ پر ایک لاکھ ایک ہزار ٹن درآمدی کارگو ہینڈل کیا گیا، جس میں 50 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد اور 51 ہزار ٹن گندم شامل
کراچی پورٹ پر ایک لاکھ ایک ہزار ٹن کھاد اور گندم کی آمد
کراچی پورٹ پر کھاد اور گندم لے کر آنے والے دو بحری جہاز لنگر انداز ہوگئے، جنہیں ضروری اشیائے خورونوش اور زرعی ضروریات کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر برتھ فراہم کی گئی۔
ترجمان کراچی پورٹ کے مطابق بندرگاہ پر مجموعی طور پر ایک لاکھ ایک ہزار ٹن درآمدی کارگو ہینڈل کیا گیا، جس میں 50 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد اور 51 ہزار ٹن گندم شامل ہے۔ گندم کی ہینڈلنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ دو بحری جہازوں کی بیک وقت ہینڈلنگ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی آپریشنل صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری اشیا کی بروقت ترسیل غذائی تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے، جبکہ بندرگاہوں پر کارگو ہینڈلنگ کی استعداد میں اضافہ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد کے مطابق کراچی پورٹ ملکی تجارت اور سپلائی چین میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔