عباس عراقچی کی صدر اور کابینہ کو امریکہ سے بالواسطہ مذاکرات پر بریفنگ
تہران مذاکرات اور سفارتی معاملات میں اپنی پہلے سے اعلان کردہ سات شرائط پر بدستور قائم ہے، ایرانی وزیر خارجہ
فائل فوٹو
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صدر مسعود پزشکیان اور وفاقی کابینہ کو ثالثوں کے ذریعے امریکہ کے ساتھ جاری بالواسطہ مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
ایرانی صدر کے ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق، عباس عراقچی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے وزرا کو مذاکرات اور سفارتی رابطوں میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ نے کابینہ کو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی عمل اور اس سے متعلق تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ مذاکرات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران مذاکرات اور سفارتی معاملات میں اپنی پہلے سے اعلان کردہ سات شرائط پر بدستور قائم ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی امریکہ کے لیے سات شرائط میں پابندیوں کا خاتمہ، منجمد فنڈز کی رہائی اور خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں کمی سمیت دیگر نکات شامل تھے۔
کمیٹی کے ترجمان حسن قشقاوی کے مطابق عباس عباس عراقچی نے ارکان کو حالیہ علاقائی اور سفارتی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے وفود کے حالیہ دورۂ ایران اور ان سے ہونے والی ملاقاتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حسن قشقاوی نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی بھی شریک تھے۔
انھوں نے کہا کہ اجلاس میں ایران کے رہبر اعلیٰ کی جانب سے ’کسی بھی غیر معمولی صورتحال‘ کے لیے تیاری سے متعلق ہدایات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ مسلح افواج کی مکمل تیاری اور دفاعی استعداد کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔