غزہ میں اسرائیل کے مظالم جاری، 5 پولیس افسران سمیت 8 فلسطینی شہید
حماس اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ برس جنگ بندی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے ،اسرائیل نے معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا
فائل فوٹو
غزہ: اسرائیل نے غزہ میں 2 کارروائیوں میں 5 پولیس افسران سمیت 8 فلسطینی شہید کر دیا۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی دو الگ الگ کارروائیوں میں 8 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں 3 غزہ سٹی میں کی گئی بمباری میں شہید ہوئے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ غزہ کے جنوبی علاقے مغربی خان یونس میں اسرائیلی کارروائی میں 5 پولیس افسران شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے خان یونس میں 5 افراد کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جبکہ غزہ سٹی میں بمباری سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔
یاد رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ برس جنگ بندی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جبکہ اسرائیل معاہدے کے باوجود غزہ پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے حالانکہ حماس نے غیرمسلح ہونے کی شرط بھی تسلیم کرلی۔اسرائیل نے معاہدے کے بعد غزہ سے اپنی فوج کے انخلاف پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا.