الخلیل میں 10 روزہ اسرائیلی فوجی آپریشن ختم ،فلسطینیوں کی گھروں کو واپسی شروع
فلسطینی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ذمے داریاں سنبھال لیں،گورنر خالد دودین
فائل فوٹو
تل اببب ؛ اسرائیلی فوج نے پیر کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ انخلا 10 روزہ سکیورٹی اور فوجی آپریشن کے اختتام پر عمل میں آیا، جو 2 فلسطینیوں کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد شروع کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجی آپریشن کے دوران 3 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنا پڑی۔ اس دوران اسرائیلی فورسز نے شہر الخلیل اور اس کے گردونواح کا محاصرہ کر رکھا تھا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ کارروائی کا مقصد حملے میں ملوث مسلح افراد کی تلاش تھا۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق الخلیل کے گورنر خالد دودین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج شہر سے نکل چکی ہے اور اس کے انخلا کے بعد فلسطینی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام ان ضروری انتظامات میں مصروف ہیں جن کے ذریعے آپریشن کے دوران گھروں سے بے دخل ہونے والے خاندانوں کی واپسی کو ممکن بنایا جا سکے۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہر کے محلے الجلدا، عین دیر باہا اور دیگر علاقوں میں خاندانوں نے اپنے گھروں کو واپس جانا شروع کر دیا ہے۔ یہ علاقے کئی روز تک سخت فوجی پابندیوں اور محاصرے کی زد میں رہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک اسرائیلی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ فوجیوں نے پیر کی صبح الخلیل میں فوجی کارروائی کے علاقے سے واپسی کا عمل شروع کیا، کیونکہ تمام زمینی سرگرمیاں مکمل ہو چکی تھیں۔