حوثی حملوں کے بعد سعودی عرب میں ایشین کپ ملتوی

خطے میں جاری غیر معمولی صورتحال، سفری مشکلات اور انتظامی و لاجسٹک رکاوٹوں کے باعث ایونٹ کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا

November 3, 2026 · اسپورٹس
حوثی حملوں کے بعد سعودی عرب میں ایشین کپ ملتوی

حوثی حملوں کے بعد سعودی عرب میں ایشین کپ ملتوی

ایشیائی فٹ بال کنفیڈریشن نے سعودی عرب میں شیڈول 2027 کے ایشین فٹ بال کپ کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ اب اگلے سال دسمبر میں منعقد کیا جائے گا۔

منتظمین کے مطابق خطے میں جاری غیر معمولی صورتحال، سفری مشکلات اور انتظامی و لاجسٹک رکاوٹوں کے باعث ایونٹ کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حالیہ ہفتوں میں ہونے والے حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ یمن کے حوثی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اس حملے کو ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران سعودی عرب پر ہونے والے مہلک ترین حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث ایشین کپ کے انعقاد سے متعلق انتظامات بھی متاثر ہوئے ہیں۔