برطانوی وزیرِاعظم کرکٹ کھیلتے ہوئے گر پڑے،ویڈیو وائرل

رن لینے کی کوشش میں وکٹوں کے درمیان دوڑتے ہوئے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زمین پر گر پڑے۔

November 3, 2026 · اسپورٹس
برطانوی وزیرِاعظم کرکٹ کھیلتے ہوئے گر پڑے،ویڈیو وائرل

برطانوی وزیرِاعظم کرکٹ کھیلتے ہوئے گر پڑے،ویڈیو وائرل

اینٹیگا اور باربوڈا کے دورے پر موجود برطانوی وزیرِاعظم اینڈی برنہم کو مقامی گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے اس وقت غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب وہ رن لینے کی کوشش میں وکٹوں کے درمیان دوڑتے ہوئے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زمین پر گر پڑے۔

واقعہ 2 نومبر کو اینٹیگا کے پگٹس کرکٹ گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں برطانوی وزیرِاعظم نے سابق عظیم کرکٹر سر ویو رچرڈز سے ملاقات کی اور مقامی نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینڈی برنہم وہاں ’بیٹ فار اے چانس‘ فاؤنڈیشن کے بانی ول گیفنی اور مقامی نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے۔ یہ فاؤنڈیشن اینٹیگا کے بچوں کو کرکٹ کا سامان فراہم کرنے میں معاونت کرتی ہے۔

کرکٹ کھیلنے کے دوران ایک مشکل سنگل لینے کی کوشش میں وزیرِاعظم وکٹوں کے درمیان دوڑتے ہوئے پھسل کر گر گئے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

گرنے کے بعد اپنے ردعمل میں اینڈی برنہم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وکٹوں کے درمیان ان کی دوڑ کو ابھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔