آبنائے ہرمز کے قریب چار آئل ٹینکرز میں آگ بھڑک اٹھی
چاروں آئل ٹینکرز تاحال آگ کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ ایرانی فورسز نے دو دیگر بحری جہازوں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب
آبنائے ہرمز کے قریب چار آئل ٹینکرز میں آگ بھڑک اٹھی
تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب ممنوعہ سمندری راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے چار آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں جہازوں میں آگ لگ گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ چاروں آئل ٹینکرز تاحال آگ کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ ایرانی فورسز نے دو دیگر بحری جہازوں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
ایرانی فورسز کے مطابق متاثرہ جہاز آبنائے ہرمز کے جنوب میں واقع اس سمندری راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جسے ممنوع قرار دیا گیا تھا۔ اسی دوران وہ مبینہ طور پر سمندر میں نصب بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
آبنائے ہرمز دنیا بھر میں تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔ یہاں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی فراہمی اور بحری تجارت متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
تاہم متاثرہ جہازوں کی شناخت، عملے کی سلامتی اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں تاحال تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے ان دعوؤں کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔