اقوام متحدہ میں پاکستان کی تین قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور
یہ قراردادیں جوہری ہتھیار نہ رکھنے والے ممالک کے تحفظ، علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی تین قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور
اسلام آباد: پاکستان کو اقوام متحدہ میں اہم سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی تین قراردادوں کی بھاری اکثریت سے منظوری دے دی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ قراردادیں جوہری ہتھیار نہ رکھنے والے ممالک کے تحفظ، علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ علاقائی اور ذیلی علاقائی سطح پر اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق قرارداد کسی ووٹنگ کے بغیر منظور کرلی گئی، جبکہ روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق قرارداد کے حق میں 180 ممالک نے ووٹ دیا۔
اسی طرح جوہری ہتھیار نہ رکھنے والی ریاستوں کو جوہری حملے یا اس کی دھمکی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر عالمی انتظامات سے متعلق قرارداد بھی 122 ووٹوں سے منظور ہوئی، جبکہ اس کی مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔
پاکستان کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر علاقائی امن، اسلحے کی روک تھام اور ممالک کے درمیان اعتماد بڑھانے کے لیے اقدامات کرتا آ رہا ہے۔
ان قراردادوں کی منظوری کو عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے، باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے تعاون کی کوششوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔