چیئرمین پی سی بی نے سب کو کام کرنے کی مکمل آزادی دی ہے، یاسر عرفات

ملک بھر میں کرکٹ گراؤنڈز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے حوالے سے بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

November 4, 2026 · اسپورٹس
چیئرمین پی سی بی نے سب کو کام کرنے کی مکمل آزادی دی ہے، یاسر عرفات

چیئرمین پی سی بی نے سب کو کام کرنے کی مکمل آزادی دی ہے، یاسر عرفات

لاہور: سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اور آل راؤنڈر یاسر عرفات نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے اور تربیتی نظام میں کی جانے والی بہتری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے مکمل اختیار دے رکھا ہے۔

یاسر عرفات نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں اکیڈمی کے جاری منصوبوں، تربیتی سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر سابق آل راؤنڈر نے اکیڈمی میں ہونے والی تبدیلیوں اور ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کرکٹ گراؤنڈز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے حوالے سے بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

یاسر عرفات نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ کے تمام متعلقہ افراد کو ساتھ لے کر چلنے اور انہیں بھرپور تعاون فراہم کرنے کے اقدامات کی تعریف بھی کی۔

دورے کے دوران انہوں نے ملک بھر میں کام کرنے والے ہائی پرفارمنس کوچز کی تربیت اور کارکردگی کے نظام میں بھی دلچسپی لی۔

عاقب جاوید نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے ہائی پرفارمنس کوچز کے تربیتی طریقوں اور کوچنگ کے انداز کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اب نچلی سطح پر کام کرنے والے کوچز کی سرگرمیوں اور کارکردگی کا ریکارڈ بھی بورڈ کے خصوصی پورٹل پر دستیاب ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کوچنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تیسرے درجے کے تمام کوچز کی اضافی تربیت کے کورسز بھی شروع کیے جائیں گے۔

یاسر عرفات نے نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد اور لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ کی بہتری کے منصوبوں کو بھی سراہا اور کہا کہ کرکٹ کے میدانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنا پاکستان میں کھیل کے فروغ کے لیے خوش آئند اقدام ہے۔