محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ میں پلاٹینم کھلاڑی منتخب
محمد عامر نے ٹورنامنٹ کے لیے برطانوی شہری کی حیثیت سے رجسٹریشن کرائی تھی، تاہم ڈرافٹ کے ریکارڈ میں ان کی رہائش پاکستان درج ہے۔
محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ میں پلاٹینم کھلاڑی منتخب
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ 2026 کے ڈرافٹ میں کنڈھار واریئرز نے پہلی مجموعی پک کے طور پر منتخب کرلیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں منگل کو ہونے والے ڈرافٹ میں 34 سالہ محمد عامر کو پلاٹینم کیٹیگری میں شامل کیا گیا، جس کے تحت انہیں ایک لاکھ امریکی ڈالر معاوضہ ملے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد عامر نے ٹورنامنٹ کے لیے برطانوی شہری کی حیثیت سے رجسٹریشن کرائی تھی، تاہم ڈرافٹ کے ریکارڈ میں ان کی رہائش پاکستان درج ہے۔
کنڈھار واریئرز کی ٹیم میں محمد عامر کے ساتھ افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی، انگلینڈ کے بیٹر جو کلارک اور جنوبی افریقا کے ڈیوائن پریٹوریئس بھی شامل ہوں گے۔
محمد عامر نے رواں سال مئی میں برطانوی شہریت حاصل کی تھی۔ اس کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی کی ضرورت پیش نہ آئے۔
محمد عامر پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ جون 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران آئرلینڈ کے خلاف تھا۔
دوسری جانب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی کشیدگی کے باعث دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کو پی سی بی کی جانب سے این او سی ملنے کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔