پشاور میں جائیداد اور رقم کے تنازع پر جرگے میں فائرنگ، دو افراد جاں بحق، دو زخمی

رنگ روڈ کبوتر چوک کے قریب جرگے کے دوران تلخ کلامی پر فائرنگ، پولیس نے شواہد جمع کرلیے

November 6, 2026 · قومی

جائے وقوع کا منظر جہاں پولیس موجود ہے (فوٹو : نجی ٹی وی)

پشاور: پشاور کے علاقے رنگ روڈ کبوتر چوک کے قریب جائیداد اور رقم کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان ہونے والا جرگہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد خونریز تصادم میں تبدیل ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں فریقین کے ایک ایک شخص سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ شاہ پور کی حدود میں رنگ روڈ پر واقع مسافر فش سینٹر میں پیش آیا، جہاں رقم اور جائیداد کے تنازع پر دونوں فریقین کے درمیان جرگہ منعقد کیا گیا تھا۔ جرگے کے دوران تلخ کلامی کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہوگئی، جس کے نتیجے میں چار افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

واقعے میں فریق اول سے فضل معبود ولد فضل ودود سکنہ شہید آباد زخمی ہوئے، جبکہ محمد آدم ولد محمد عیسیٰ خان سکنہ کوہاٹ جاں بحق ہوگئے۔

اسی طرح فریق دوم سے پائندہ خان ولد اکبر شاہ سکنہ شاہ پور جاں بحق جبکہ محمد کریم ولد ابراہیم سکنہ گل آباد زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی چمکنی سرکل محمد اشفاق خان بھاری پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد اور قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔