پی ٹی آئی اور حکومت میں معاہدہ ہو تو گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کروں گا،بلاول بھٹو
پی ٹی آئی سے مذاکرات کا دروازہ بند نہ کریں، عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے تعاون کریں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی
پی ٹی آئی اور حکومت میں معاہدہ ہو تو گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کروں گا، بلاول بھٹو
لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان معاہدہ ہوجائے تو وہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آنے والے دنوں میں وفاق کے ساتھ معاملات بہتر ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں عشائیے پر مدعو کیا تھا، جس میں مل کر چلنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ معاملات کو مزید بہتر بنانے کے لیے جلد کراچی میں اجلاس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو یہ تجویز بھی دی ہے کہ کسی سے لڑائی نہ کریں، عوام کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوچکا ہے، عوام کے دکھ اور مشکلات کو اولین ترجیح بنایا جائے۔ پیپلزپارٹی اس مقصد کے لیے تعاون کرے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا قصوروار نہ وہ ہیں اور نہ وزیراعظم۔ دہشت گردی ہمارے لیے ریڈ لائن ہے۔ اگر دہشت گردی کے معاملے پر پی ٹی آئی کے ساتھ معاہدہ ہوجاتا ہے تو سب سے پہلے گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کروں گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عوامی مشکلات میں کمی کے لیے ان کی جماعت تعاون کرے گی۔ خیبرپختونخوا میں معاہدہ ہوچکا تھا، تاہم وزیراعلیٰ نے اس سے انکار کردیا۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہیے۔