بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

محمد شامی نے بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 64 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 27.71 کی اوسط سے 229 وکٹیں حاصل کیں۔

November 7, 2026 · اسپورٹس
بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

بھارت کے معروف فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے 13 سال مکمل ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

36 سالہ محمد شامی نے نومبر 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 118 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، جو آج بھی ان کی بہترین میچ کارکردگی ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق محمد شامی نے بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 64 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 27.71 کی اوسط سے 229 وکٹیں حاصل کیں۔

ریٹائرمنٹ کے اعلان میں محمد شامی نے اپنے 13 سالہ ٹیسٹ سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کیپ اور گیند نے انہیں محمد شامی بنایا۔ اس دوران انہیں کئی مشکلات، انجریز اور اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ ہر بار سنبھل کر اپنے ملک کے لیے میدان میں اترے۔

انہوں نے اپنے کوچز، ٹرینرز، فزیو اور کیریئر میں ساتھ دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مداحوں کی محبت اور حمایت ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔

محمد شامی نے بتایا کہ انہوں نے 6 نومبر کو ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اسی تاریخ کو اپنے 13 سالہ ٹیسٹ کیریئر کے اختتام کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کے باوجود وہ محدود اوورز کی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ اس کے علاوہ انڈین پریمیئر لیگ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ان کی شرکت جاری رہے گی۔