آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئے، پاسداران انقلاب کا دعویٰ

دونوں آئل ٹینکروں نے اپنے نیویگیشن اور پوزیشننگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور وہ ایسے سمندری راستوں سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے

November 8, 2026 · بام دنیا
آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئے، پاسداران انقلاب کا دعویٰ

آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگئے، پاسداران انقلاب کا دعویٰ

تہران: ایران کے پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آگئے ہیں۔

پاسداران انقلاب کے مطابق ان میں سے ایک آئل ٹینکر آبنائے ہرمز جبکہ دوسرا اس کے مشرقی علاقے میں موجود تھا۔ دونوں جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے۔

بی بی سی فارسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی بحریہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سے قبل ایرانی میڈیا نے صوبہ ہرمزگان کے مختلف علاقوں میں دھماکوں جیسی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات دی تھیں۔

پاسداران انقلاب کی بحریہ کا کہنا ہے کہ دونوں آئل ٹینکروں نے اپنے نیویگیشن اور پوزیشننگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور وہ ایسے سمندری راستوں سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں ایران غیر مجاز قرار دیتا ہے۔

ایرانی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے مقرر کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ممنوعہ سمندری علاقوں میں داخل ہونے والے جہاز بارودی سرنگوں کی زد میں آسکتے ہیں۔ بیان میں بحری جہازوں کو امریکی سینٹرل کمانڈ کی ہدایات پر انحصار نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سے قبل ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے قشم، سیرک، جاسک اور بندر عباس میں دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دینے کی اطلاع دی تھی، تاہم ابتدائی اطلاعات میں ان آوازوں کی وجوہات واضح نہیں کی گئی تھیں۔

پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں یہ وضاحت نہیں کی کہ آئل ٹینکروں کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ اور ہرمزگان کے مختلف علاقوں میں سنی جانے والی آوازیں ایک دوسرے سے منسلک ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب کچھ دیر قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے بحیرۂ عمان میں ہُدا نامی کارگو جہاز کو اپنی ہدایات کی مبینہ خلاف ورزی پر روکنے اور ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

تاہم امریکی کارروائی اور ایرانی بحریہ کی جانب سے دو آئل ٹینکروں کے بارے میں کیے گئے دعوے کے درمیان کسی تعلق کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔