غزہ: شدید بارشوں اور مٹی کا تودہ گرنے سے 5 افراد شہید، 5 زخمی

بجلی اور روشنی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارکنوں اور شہریوں نے شدید اندھیرے میں موبائل فونز کی ٹارچز کی روشنی میں ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کر کے باہر نکالا

November 9, 2026 · بام دنیا
فوٹو عرب میڈیا

فوٹو عرب میڈیا

غزہ : غزہ کی پٹی میں جاری موسلا دھار بارشوں اور طوفانی ہوائوں کے دوران وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں مٹی کا تودہ عارضی خیموں پر آ گرا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 5 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ بجلی اور روشنی کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارکنوں اور شہریوں نے شدید اندھیرے میں موبائل فونز کی ٹارچز کی روشنی میں ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کر کے باہر نکالا۔

سول ڈیفنس حکام کے مطابق ریت کی ڈھلوان اچانک گرنے سے متاثرہ خاندان کا خیمہ مکمل طور پر ملبے تلے دب گیا تھا۔ شدید دشواری اور وسائل کی کمی کے باوجود موقع پر موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

مقامی حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں قائم عارضی خیمہ بستیوں میں پانی داخل ہو گیا، جس سے 70 ہزار سے زائد خیمے زیرِ آب آ چکے ہیں۔

 امدادی اداروں اور وزارتِ صحت کے مطابق تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد بے گھر فلسطینی شدید سردی، پانی اور کیچڑ کی وجہ سے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

 بنیادی ڈھانچے کی تباہی کے باعث پانی کی نکاسی کا کوئی نظام موجود نہیں، جس سے اب تک کی بارشوں سے لاکھوں ڈالر کے مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مقامی حکام اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر بے گھر افراد کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہیں، گرم کپڑے اور خیمے فراہم نہ کیے گئے تو سردیوں کے موسم میں انسانی بحران مزید سنگین شکل اختیار کر سکتا ہے۔