مری میں طالبات کی بس الٹ گئی، ڈرائیور جاں بحق، 12 افراد زخمی

شوالہ کے قریب حادثہ، گوجرانوالہ جانے والی طالبات بس میں سوار تھیں، ریسکیو آپریشن جاری

November 10, 2026 · قومی

مری میں طالبات کی بس الٹ گئی، ڈرائیور جاں بحق، 12 افراد زخمی

مری: شوالہ کے قریب طالبات کی بس الٹنے سے بس ڈرائیور جاں بحق جبکہ 10 سے 12 افراد زخمی ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ حادثے میں بس ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ زخمیوں کو امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی جائے حادثہ پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر ارشد اقبال اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اضافی ایمرجنسی ریسکیو وسائل بھی موقع پر پہنچا دیے گئے ہیں۔

بس میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی طالبات سوار تھیں، جو واپس گوجرانوالہ جارہی تھیں۔

ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ زخمیوں کی حتمی تعداد اور ان کی صورتحال کی تصدیق ہونا باقی ہے۔