روس اور یو کرین کے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے، کیف میں 15 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
بحیرۂ اسود میں یوکرینی ڈرونز نے روس کے مزید 12 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا
فوٹو سوشل میڈیا
ماسکو/کیف: روس اور یوکرین کے درمیان جاری کشیدگی میں شدت کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر کیے گئے تازہ ترین حملے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہو گئے ہیں۔ کیف کے میئر کے مطابق تباہ ہونے والے ایک گودام کے ملبے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے گزشتہ رات 28 بیلسٹک سمیت تیز رفتار میزائل اور 115 ڈرون کیف اور اس کے گرد و نواح کی جانب داغے، اور فضائی دفاعی نظام رات کے وقت داغے گئے کسی بھی میزائل کو مار گرانے میں ناکام رہا۔
دوسری جانب روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے دفاعی نظام نے راتوں رات یوکرین کے مجموعی طور پر 301 ڈرونز مار گرائے ہیں۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ دارالحکومت کی طرف آنے والے تقریباً 60 یوکرینی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا اور متعلقہ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز روانہ کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یوکرین نے دوسری بار ماسکو کی آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے مابین ڈرون حملوں میں شدید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسی اثنا میں یوکرینی ڈرون فورسز کے کمانڈر رابرٹ بروودی نے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرۂ اسود میں یوکرینی ڈرونز نے روس کے مزید 12 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں 9 مال بردار جہاز، 1 آئل ٹینکر، 1 گیس ٹینکر اور 1 ٹگ بوٹ شامل ہیں۔
اس تازہ دعوے کے بعد رواں ماہ بحیرۂ اسود اور بحیرۂ آزوف میں نشانہ بننے والے روسی جہازوں کی مجموعی تعداد 159 تک پہنچ گئی ہے۔