امریکی ریاست نیو جرسی میں ہیلی کاپٹر کی سڑک پر ہنگامی لینڈنگ، بڑا حادثہ ٹل گیا

ہیلی کاپٹر نے کیرنی ایئرپورٹ سے مرمت کے بعد آزمائشی پرواز شروع کی تھی، جس میں پائلٹ سمیت عملے کا ایک اور رکن موجود تھا۔

November 11, 2026 · بام دنیا
امریکی ریاست نیو جرسی میں ہیلی کاپٹر کی سڑک پر ہنگامی لینڈنگ، بڑا حادثہ ٹل گیا

امریکی ریاست نیو جرسی میں ہیلی کاپٹر کی سڑک پر ہنگامی لینڈنگ، بڑا حادثہ ٹل گیا

امریکی ریاست نیو جرسی میں دورانِ پرواز انجن خراب ہونے کے باعث ہیلی کاپٹر کو سڑک پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ واقعے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں افراد محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر نے کیرنی ایئرپورٹ سے مرمت کے بعد آزمائشی پرواز شروع کی تھی، جس میں پائلٹ سمیت عملے کا ایک اور رکن موجود تھا۔

پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر کے روٹرز کی رفتار اچانک کم ہوگئی اور انجن نے کام کرنا چھوڑ دیا، جس پر پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی اطلاع دیتے ہوئے مدد طلب کی۔

قریبی ہوائی اڈے تک پہنچنا ممکن نہ ہونے پر پائلٹ نے بیون پورٹ ٹرمینل کے قریب سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو سڑک پر اتار لیا۔

لینڈنگ کے دوران شدید جھٹکے سے ہیلی کاپٹر کی دُم مرکزی حصے سے الگ ہوگئی اور اس کا ملبہ سڑک پر بکھر گیا، تاہم مرکزی کیبن محفوظ رہا اور دونوں افراد کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔

پورٹ انتظامیہ اور مقامی پولیس کے مطابق حادثے کے بعد آگ لگنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ دوسری جانب امریکی وفاقی ہوا بازی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ انجن کی خرابی اور ہیلی کاپٹر کی دُم الگ ہونے کی وجوہات معلوم کی جاسکیں۔