جیمز اینڈرسن نے بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا
جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں
جیمز اینڈرسن نے بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا
کرکٹ سے متعلق ایک حالیہ ویڈیو میں جیمز اینڈرسن نے مختلف ممالک کے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے نام بتائے۔ انہوں نے پاکستان سے بابر اعظم، بھارت سے ویرات کوہلی، آسٹریلیا سے شین وارن، انگلینڈ سے جو روٹ، نیوزی لینڈ سے ٹم ساوتھی، جنوبی افریقا سے اے بی ڈی ویلیئرز اور سری لنکا سے سنتھ جے سوریا کا انتخاب کیا۔
جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ انہوں نے مارچ 2024 میں 700 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کیں، جبکہ جولائی 2024 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
دوسری جانب بابر اعظم ان دنوں بیٹنگ میں مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے حالیہ سہ ملکی سیریز کے چار میچز میں 118 رنز بنائے، جبکہ سری لنکا کے خلاف فائنل میں وہ کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی اور وہ پانچ اننگز میں صرف 91 رنز بنا سکے۔
سابق پاکستانی کپتان اور بیٹر محمد یوسف نے بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی تکنیکی خامیوں پر قابو پانے کے لیے انگلینڈ یا آسٹریلیا میں خصوصی کوچنگ حاصل کریں۔
بابر اعظم نے 6 نومبر کو قائداعظم ٹرافی میں لاہور وائٹس کی جانب سے کھیلتے ہوئے 42 رنز بنائے تھے۔ آؤٹ ہونے کے بعد ان کی جانب سے غصے میں بلا پچ پر مارنے کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا۔
تاہم بابر اعظم کی رواں سال مجموعی کارکردگی مکمل طور پر مایوس کن نہیں رہی۔ وہ پاکستان سپر لیگ 2026 میں 588 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔