سابق چیئرمین پی سی بی نسیم اشرف کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ
نئے اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور یہ عالمی معیار کے کرکٹ میدانوں میں جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی نسیم اشرف کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا اور ملک میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے جاری منصوبوں کو سراہا۔
اس موقع پر ڈاکٹر نسیم اشرف نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے مختصر وقت میں اسٹیڈیم کی تکمیل ایک اہم کامیابی تھی۔ ان کے مطابق نئے اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور یہ عالمی معیار کے کرکٹ میدانوں میں جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی معیار کے اسٹیڈیمز پاکستان میں آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے امکانات بڑھانے کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی سراہا۔
ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید تربیتی سہولیات، نئے پویلین، سوئمنگ پول اور نوجوان کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے جامع منصوبہ بندی مستقبل کے کرکٹرز کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔
انہوں نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں مختلف ممالک کی کنڈیشنز کے مطابق 20 پچز کی تیاری کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا جیسی پچز پر مشق کرنے سے پاکستانی بیٹرز کو بیرون ملک دوروں کے دوران فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
سابق چیئرمین نے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کے تجربے اور رہنمائی میں نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے کام جاری ہے۔
ڈاکٹر نسیم اشرف نے امید ظاہر کی کہ موجودہ منصوبہ بندی اور نظام کا تسلسل برقرار رہا تو آئندہ تین سے چار برس میں پاکستان کو مختلف سطحوں پر 30 سے 40 باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل مضبوط ذخیرہ میسر آسکتا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کرکٹ کی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل اور انتظامی استحکام ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک بھر میں کرکٹ گراؤنڈز اور کلب کرکٹ کی سہولیات بڑھائی جائیں تاکہ نچلی سطح سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے۔