مائیکروسافٹ سروسز میں عالمی تعطل،بحالی کی کوششوں میں محدود کامیابی،وجوہات تاحال نامعلوم

متعدد اہم سرورز اچانک کام کرنا چھوڑ گئے، جو مختلف ایپلی کیشنز اور دفتری سہولیات کو چلانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔کمپنی

November 13, 2026 · بام دنیا
مائیکروسافٹ سروسز میں عالمی تعطل،بحالی کی کوششوں میں محدود کامیابی،وجوہات تاحال نامعلوم

مائیکروسافٹ سروسز میں عالمی تعطل،بحالی کی کوششوں میں محدود کامیابی،وجوہات تاحال نامعلوم

مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں اپنی بعض سروسز میں پیدا ہونے والی خرابی دور کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں محدود کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم کمپنی تاحال تعطل کی بنیادی وجہ معلوم نہیں کر سکی۔

کمپنی کی تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق متعدد اہم سرورز اچانک کام کرنا چھوڑ گئے، جو مختلف ایپلی کیشنز اور دفتری سہولیات کو چلانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ سرورز کی عدم دستیابی کے باعث باقی نظام پر اضافی دباؤ پڑا اور مائیکروسافٹ کی متعدد سروسز متاثر ہوئیں۔

مائیکروسافٹ نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران کسی سائبر حملے یا بدنیتی پر مبنی سرگرمی کے شواہد نہیں ملے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ سروسز مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد جاری کی جانے والی تفصیلی رپورٹ میں خرابی کی اصل وجوہات سے آگاہ کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق مسئلے کے مکمل حل تک بحالی کا عمل اولین ترجیح رہے گا اور تکنیکی ٹیمیں اس پر کام جاری رکھیں گی۔

دوسری جانب سروسز میں تعطل کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ صارفین کی درست تعداد تاحال سامنے نہیں آئی، تاہم مائیکروسافٹ کے دنیا بھر میں تقریباً 43 کروڑ صارفین بتائے جاتے ہیں۔

انٹرنیٹ سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صبح تقریباً سات بجے 72 ممالک سے مائیکروسافٹ کی ای میل اور کیلنڈر سروس آؤٹ لک میں خرابی سے متعلق کم از کم 43 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار صرف ان صارفین کی نمائندگی کرتے ہیں جنہوں نے ویب سائٹ پر اپنی شکایات درج کرائیں، اس لیے متاثرہ افراد کی حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق یورپ کے متعدد ممالک میں بھی مائیکروسافٹ سروسز کی بندش سے متعلق شکایات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔