پاکستان اور کویت کا تجارت، توانائی اور انفراسٹرکچر میں دوطرفہ شراکت داری بڑھانے پر اتفاق
اہم پیش رفت، وزیراعظم کی کویتی ہم منصب سے ملاقات، توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مستحکم ہوگاـ
پاکستان اور کویت کا تجارت، توانائی اور انفراسٹرکچر میں دوطرفہ شراکت داری بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور کویت نے باہمی اقتصادی تعاون اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر مکمل اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی کویتی ہم منصب سے ہونے والی اہم ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے منصوبوں اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے توانائی کے شعبے میں اپنی 50 سالہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئے معاہدے کے تحت پاکستان کے انرجی سیکٹر کی ترقی کے لیے ایندھن کی فراہمی، ریفائننگ کے عمل اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
مبصرین کے مطابق، پاکستان میں توانائی، اسٹوریج اور انفراسٹرکچر کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اسٹریٹجک شراکت داری ایک انتہائی اہم پیش رفت ہے۔ اس تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔