برطانیہ میں لڑکیوں کو ورغلانے پر بھارتی نوجوان کو 30 برس قید
ماضی میں پاکستانی نژاد افراد کے ملوث ہونے پر بھارتی پروپیگنڈہ کرتے رہے
برطانیہ میں لڑکیوں کو ورغلانے پر بھارتی نوجوان کو 30 برس قید
برطانوی پولیس کے مطابق 27 سالہ بلال قاضی کا تعلق بھارتی شہر ممبئی سے ہے اور وہ برطانیہ میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ ملزم اسنیپ چیٹ، وِز اور وِنک سمیت مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر خود کو ’’ریس‘‘ نامی سفید فام برطانوی نوعمر لڑکا ظاہر کرتا اور روبلوکس کھیلنے کے دوران کم عمر لڑکیوں سے رابطے بڑھاتا تھا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے 2021 سے 2025 کے دوران 10 سے 17 سال کی عمر کی لڑکیوں کو محبت کا جھانسہ دے کر ان سے قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز حاصل کیں۔ بعد ازاں انہیں یہ دھمکی دے کر مزید مواد بھیجنے پر مجبور کیا جاتا کہ انکار کی صورت میں پہلے سے حاصل کردہ تصاویر دوسروں تک پہنچا دی جائیں گی۔
پولیس کے مطابق اس مقدمے میں 70 سے زائد لڑکیوں کے متاثر ہونے کا پتا چلا ہے، جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 180 تک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ تحقیقات میں برطانیہ کی 45 میں سے 28 پولیس فورسز نے حصہ لیا۔
بلال قاضی نے جنسی جرائم کے 37 الزامات کا اعتراف کیا، جس کے بعد چیسٹر کراؤن کورٹ نے اسے 30 سال قید کی سزا سنائی۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا جرائم میں ملوث کسی فرد کی قومیت کو پوری کمیونٹی یا ملک کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنا درست ہے؟ ماضی میں برطانیہ میں پاکستانی نژاد افراد کے بعض جرائم کو بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف وسیع تر الزامات اور منفی مہمات کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے، تاہم کسی بھی جرم کی ذمہ داری انفرادی طور پر اس کے مرتکب افراد پر عائد ہوتی ہے، پوری قوم یا کمیونٹی پر نہیں۔