بیجنگ ماڈل اپنانے کے باوجود سموگ پر قابو پانے میں 10 سال لگیں گے، ملک محمد احمد خان
سنگین جرم، بندوق اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، معاشی ترقی کا انحصار امن سے ہے
بیجنگ ماڈل اپنانے کے باوجود سموگ پر قابو پانے میں 10 سال لگیں گے، ملک محمد احمد خان
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اگر ملک میں بیجنگ ماڈل بھی لے آئیں تو بھی سموگ کے خاتمے کے لیے 10 سال تک ایک طویل المدتی پروگرام پر مسلسل عمل کرنا پڑے گا۔ لاہور ایکسپو سینٹر میں پاکستان صنعتی نمائش 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو اس وقت اسموگ کے نام پر شدید مصیبت کا سامنا ہے، تاہم ماحول کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کی قیادت میں اچھے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے نمائش میں جدید مشینری اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پودوں کی مانیٹرنگ کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کا یہ سفر خوش آئند ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کوئی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک سنگین جرم ہے، اور جو شخص بندوق اٹھا لے اس کا سیاسی حل تلاش نہیں کیا جاتا بلکہ ایسے عناصر کا آہنی ہاتھوں سے خاتمہ کرنا ہوتا ہے۔ دہشتگردی کا ایک حملہ پوری معیشت اور نظام کو ہلا کر رکھ دیتا ہے، لیکن معیشت میں تنگی برداشت کر لیں گے مگر اس عفریت سے مکمل جان چھڑائیں گے۔
ماضی کے فیصلوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ افغان جہاد اور بڑی تعداد میں مہاجرین کو پاکستان میں آباد کرنے جیسے فیصلوں کے اثرات آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف حکومت اور سکیورٹی اداروں کے عزم کو سراہا۔ بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ بھارت سے معمول کے حالات کے خواہاں ہیں اور پاکستان کی بھارت کے ساتھ کوئی دائمی نفرت نہیں ہے، تاہم مقابلہ معیشت کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے وسیع مالی وسائل اور بجٹ درکار ہوتا ہے، اس لیے اس معاملے پر زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ذریعۂ کار بنانا چاہیے۔