بھارت: وزیراعلیٰ کی موجودگی میں خطاب کا موقع نہ ملنے پر کانگریس رکن اسمبلی کا احتجاج، اسٹیج پر توڑ پھوڑ

ہریش دھامی کا وزیراعلیٰ کو دھارچولہ سے انتخاب لڑنے کا چیلنج، کانگریس رہنما کی حکومت پر شدید تنقید

November 14, 2026 · بام دنیا

بھارت: وزیراعلیٰ کی موجودگی میں خطاب کا موقع نہ ملنے پر کانگریس رکن اسمبلی کا احتجاج، اسٹیج پر توڑ پھوڑ

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع پتھورا گڑھ میں تاریخی جولجیبی میلے کی افتتاحی تقریب کے دوران کانگریس کے رکن اسمبلی ہریش دھامی نے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی موجودگی میں خطاب کا موقع نہ ملنے پر احتجاج کیا۔

ہفتہ 14 نومبر کو بھارت اور نیپال کی سرحد پر واقع علاقے جولجیبی میں سالانہ میلے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے علاقے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا اور اپنا خطاب مکمل کرنے کے بعد تقریب سے روانہ ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق دھارچولہ سے کانگریس کے رکن اسمبلی ہریش دھامی کو تقریب کی صدارت کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، تاہم انہیں وزیراعلیٰ کی موجودگی میں خطاب کا موقع نہیں دیا گیا۔ جب انہوں نے اسٹیج پر آکر بولنے کی کوشش کی تو مبینہ طور پر ان کا مائیک بند کردیا گیا۔

اس پر ہریش دھامی اور ان کے حامیوں نے احتجاج شروع کردیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی ویڈیوز کے مطابق احتجاج کے دوران رکن اسمبلی نے اسٹیج سے مائیک اور کرسیاں اٹھا کر پھینک دیں جبکہ ڈائس بھی الٹ دیا۔

دوسری جانب الزام عائد کیا گیا ہے کہ رکن اسمبلی کے حامیوں نے تقریب کے مقام پر توڑ پھوڑ کی اور ساؤنڈ سسٹم پر کام کرنے والے عملے کے ارکان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ صورتحال خراب ہونے پر پولیس نے مداخلت کرکے حالات پر قابو پایا۔

ہریش دھامی کا وزیراعلیٰ کو چیلنج

واقعے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہریش دھامی نے ریاستی حکومت اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حلقے کے منتخب نمائندے ہیں اور انہیں عوامی مسائل وزیراعلیٰ کے سامنے رکھنے کا حق حاصل تھا، لیکن ان کی آواز دبائی گئی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو آئندہ انتخابات میں دھارچولہ کے حلقے سے ان کے مقابلے میں الیکشن لڑ کر دکھائیں۔

ہریش دھامی کا مزید کہنا تھا کہ اگر کانگریس پارٹی انہیں اجازت دے تو وہ ریاست کے کسی بھی حلقے سے وزیراعلیٰ کے خلاف انتخاب لڑنے اور انہیں شکست دینے کے لیے تیار ہیں۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اتراکھنڈ کی مقامی سیاست میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔