18 عرب و اسلامی ممالک کی اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، غزہ میں جنگ بندی اور امداد کی فراہمی کا مطالبہ

ناصر میڈیکل کمپلیکس پر فضائی حملے میں مریضوں اور طبی عملے کے متاثر ہونے پر عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا

November 14, 2026 · بام دنیا

18 عرب و اسلامی ممالک کی اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، غزہ میں جنگ بندی اور امداد کی فراہمی کا مطالبہ

قطر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، الجزائر، جبوتی، سعودی عرب، سوڈان، صومالیہ، عمان، فلسطین، کویت، لبنان، لیبیا، مصر اور موریطانیہ کے وزرائے خارجہ نے خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

14 نومبر 2026 کو جاری مشترکہ بیان میں 18 عرب اور اسلامی ممالک نے کہا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں مریضوں اور طبی عملے کے افراد متاثر ہوئے، جو بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ان قوانین کے تحت طبی مراکز اور طبی عملے کو خصوصی تحفظ حاصل ہے۔

مشترکہ بیان میں فلسطینی شہریوں، بے گھر افراد کے خیموں اور پناہ گاہوں پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی گئی۔ وزرائے خارجہ نے کہا کہ ایسے حملے جنگ بندی اور غزہ میں امن و استحکام کی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے سے مطابقت نہیں رکھتے۔

بیان میں غزہ میں انسانی امداد، خیموں، عارضی گھروں اور طبی سامان کی فراہمی پر اسرائیلی پابندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزرائے خارجہ کے مطابق سردیوں کی آمد کے ساتھ ناکافی پناہ گاہیں اور پانی، صفائی اور صحت کی سہولیات کی بگڑتی صورتحال انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خاص طور پر بچوں اور شیرخواروں کی زندگیاں شدید خطرے سے دوچار ہیں اور شدید سردی کے باعث ان کی اموات کا خدشہ ہے۔

اسرائیل سے جنگ بندی اور امدادی سامان کی فراہمی کا مطالبہ

18 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ عالمی برادری اور بورڈ آف پیس کی اپیلوں پر عمل کرتے ہوئے انسانی امداد میں اضافہ کرے اور شرم الشیخ معاہدے، صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 (2025) کے تحت اپنی ذمہ داریاں فوری اور مکمل طور پر پوری کرے۔

مشترکہ بیان میں اسرائیل سے جنگ بندی برقرار رکھنے، شہریوں اور طبی مراکز کے تحفظ اور انسانی امداد کی محفوظ، مسلسل اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔

وزرائے خارجہ نے کہا کہ غزہ میں پناہ گاہوں کی تعمیر، ابتدائی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی ضروری مرمت کے لیے درکار سامان بھی فراہم کیا جانا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی امداد فراہم کرنے والی تنظیموں کو بھی بغیر کسی رکاوٹ اپنے فرائض انجام دینے کی اجازت دی جائے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے کی ذمہ داریاں دستخط کے ساتھ ہی نافذ العمل ہونا تھیں، اس لیے اسرائیل انہیں مزید تاخیر یا اضافی سیاسی اور سیکیورٹی شرائط کے بغیر پورا کرے۔

وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ فوری انسانی امداد کی فراہمی کو معاہدے کے آئندہ مراحل میں پیش رفت سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے۔

امریکا اور بورڈ آف پیس سے کردار ادا کرنے کی اپیل

18 ممالک نے امریکا اور بورڈ آف پیس سے اپنے اپنے کردار کے مطابق کوششیں تیز کرنے کی اپیل کی تاکہ اسرائیل معاہدے کی تمام ذمہ داریاں پوری کرے اور انسانی امداد کی ترسیل پر عائد پابندیاں ختم کرے۔

بیان کے مطابق اس اقدام سے معاہدوں کی ساکھ برقرار رکھنے اور جنگ بندی کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

آخر میں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے، جنگ بندی کو مستحکم بنانے، جامع منصوبے کے تمام مراحل پر عمل درآمد اور انسانی امداد میں اضافے کے لیے علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔