ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ

ترجمان ایم کیو ایم کا سندھ حکومت پر انتظامی ناکامی، کرپشن اور عوامی مسائل نظرانداز کرنے کا الزام

November 16, 2026 · قومی

ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 سال سے منصب پر براجمان مراد علی شاہ انتظامی اور مالی امور انجام دینے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 18 سال سے مسلسل اور گزشتہ نصف صدی کے دوران 30 سال تک پیپلز پارٹی کی نااہل حکومت اقتدار میں رہی ہے۔ حکومتی بے حسی کے باعث اندرون سندھ کے 48 فیصد بچوں کے دماغ اور جسم عمر کے حساب سے نشوونما نہیں پا رہے، جبکہ اندرون سندھ کے بیشتر اضلاع میں اسکولوں سے باہر بچوں کا تناسب 44 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اپریل 2026 تک سندھ حکومت کی بے حسی کے باعث 6 ہزار بچے ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کرپٹ حکمران لائنوں کا پانی چوری کرکے ٹینکرز کے ذریعے فروخت کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی تحریک کو روکنے میں ناکام پیپلز پارٹی حواس کھو بیٹھی ہے۔ نئے صوبوں کی تشکیل سے پیپلز پارٹی کو سالانہ سوا 2 ہزار ارب روپے ہاتھ سے نکل جانے کا خدشہ ہے، جبکہ وفاق میں دوبارہ حکومتی باری نہ ملنے کا خوف بھی اسے لاحق ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کوئی سازش اور جھوٹا پروپیگنڈا مصطفیٰ کمال کو نئے صوبوں کی حمایت سے دستبردار نہیں کر سکتا۔