وزیراعظم شہباز شریف سے او آئی سی سیکریٹری جنرل کی ملاقات، فلسطین اور کشمیر کی حمایت کا اعادہ

مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور او آئی سی کا کردار مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

November 16, 2026 · قومی

وزیراعظم شہباز شریف سے او آئی سی سیکریٹری جنرل کی ملاقات، فلسطین اور کشمیر کی حمایت کا اعادہ ۔ فوٹو پی آئی ڈی

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے ملاقات کی، جس میں فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ اسلام آباد پر ان کا خیرمقدم کیا اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کی جانب سے اتفاق رائے سے سیکریٹری جنرل کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ رکن ممالک کو ان کی قیادت پر اعتماد ہے۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور قابل قدر کوششوں کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مسلم امہ کی نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے او آئی سی کو امت مسلمہ کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی قیادت کرنے کا منفرد موقع حاصل ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرنے والی مسلم امہ کے مشترکہ مفاد کے لیے او آئی سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پر دونوں جانب سے فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر ہے اور پاکستان اس حوالے سے او آئی سی کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔