مافیاز کو عوام کی طاقت سے لگام ڈالیں گے، حافظ نعیم الرحمان
لاہور میں پریس کانفرنس، حکومت سے مذاکرات کا فیصلہ کن دور آج ہوگا، لیاقت بلوچ سے رابطہ۔
مافیاز کو عوام کی طاقت سے لگام ڈالیں گے، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک ابھرتی ہوئی سیاسی قوت بن کر سامنے آ رہی ہے اور عوام کی طاقت سے ملک بھر کے مافیاز کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں لگام بھی ڈالی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کی مسلسل جدوجہد اور دباؤ کے نتیجے میں عوام کو بجلی اور پیٹرول کے نرخوں پر کچھ ریلیف ملا ہے، تاہم اب آئی پی پیز کے ساتھ مزید کوئی بھی ناجائز معاہدہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بینک مافیاز کو براہ راست فائدہ پہنچانے کی غرض سے ملکی معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے، جبکہ لینڈ، چینی، آٹا اور بینک مافیازس سب آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روایتی سیاسی جماعتیں ان طاقتور مافیاز کے خلاف کھل کر بات نہیں کر سکتیں کیونکہ ان سیاسی جماعتوں کے انتخابی اور دیگر اخراجات یہی مافیاز اور کارٹیل برداشت کرتے ہیں۔
بلدیاتی نظام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ سے چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے حق میں رہی ہے اور آئین کے عین مطابق مقامی حکومتوں کو نچلی سطح تک مکمل اختیارات منتقل کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ 2015 سے لے کر اب تک صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے گئے، اسی طرح اسلام آباد میں بھی صرف ایک مرتبہ انتخابات کا انعقاد ہوا جبکہ اب چھیٹی بار الیکشن کا شیڈول معطل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی بلدیاتی انتخابات کا عمل تعطل کا شکار ہے، البتہ کراچی میں جماعت اسلامی کے شدید سیاسی دباؤ کے باعث ہی بلدیاتی انتخابات ممکن ہو سکے تھے مگر اس کے باوجود کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈھاکا ڈالا گیا۔
زراعت اور معیشت کی حالت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں گندم اور آٹا درآمد کرنے کی نوبت آ گئی ہے، اور مقررہ 15 نومبر کی آخری ڈیڈ لائن گزر جانے کے باوجود تاحال گنے کی کرشنگ کا عمل شروع نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں پوری زراعت کا نظام زوال کا شکار ہے جبکہ مافیاز اس سے بھرپور ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
دوسری جانب، حکومتی اور جماعت اسلامی کے مابین جاری کشمکش اور سیاسی ڈیڈ لاک کے تناظر میں مذاکرات کا ایک اور اہم اور فیصلہ کن دور 19 نومبر کو طے پایا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس میں دونوں فریقین کے درمیان جاری مذاکرات کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس رابطے کے بعد مذاکرات کی روشنی میں تیار کردہ ممکنہ معاہدے کا مسودہ اب حکومتی کیمپ کے پاس موجود ہے۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم غریب عوام کو حقیقی ریلیف دلانے کی اس آئینی اور جمہوری جدوجہد کو مدنظر رکھیں گے اور عوام کی سنگین مشکلات کے حل کے لیے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جماعت اسلامی احتجاج اور مذاکرات دونوں آئینی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملک کے غریب اور متوسط طبقے کو ان کا حق دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 22 نومبر کو بلوچستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، بجلی کے بحران، مہنگائی اور بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کے خلاف بھرپور احتجاجی جلسہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہمارے معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادتیں ہو رہی ہیں، اور حکومت کی کمزور اور ناقص پالیسیوں کی بدولت بین الاقوامی قوتیں یہاں مزید طاقتور ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے 29 نومبر کو تاریخی مینار پاکستان پر ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔