امریکا میں فضائی نظام کی خرابی سائبر حملہ نہیں، این ایس اے نیٹ ورک بھی بند

تکنیکی نقص سے پروازیں متاثر، 5 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار، تحقیقات جاری۔

November 18, 2026 · قومی
امریکا میں فضائی نظام کی خرابی سائبر حملہ نہیں، این ایس اے نیٹ ورک بھی بند

امریکا میں فضائی نظام کی خرابی سائبر حملہ نہیں، این ایس اے نیٹ ورک بھی بند

امریکا میں فضائی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث پروازوں میں تعطل کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم حکام نے واقعے کو سائبر حملے کا نتیجہ قرار دینے کے شواہد نہ ملنے کی تصدیق کی ہے۔ امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے مطابق مختلف اداروں کے کمپیوٹر سسٹمز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور تکنیکی خرابیوں کو سائبر حملہ قرار نہیں دیا جا رہا۔

فضائی ڈیٹا فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق ملک بھر میں 1600 سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 3600 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے جمعے کے روز تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روک دی تھی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں تقریباً 5 گھنٹے تک فضائی آپریشن معطل رہا، جو کہ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد امریکا میں فضائی سفر کی طویل ترین ملک گیر معطلی تھی۔

حکام کے مطابق آرکنساس کے شہر ایل ڈوراڈو میں ایک راؤٹر کی تبدیلی کے دوران پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی نے ٹیکساس کے شہر امریلو سمیت دیگر فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کے مواصلاتی نظام کو متاثر کیا۔ واقعے کی تحقیقات میں ایف بی آئی بھی شامل ہو گئی ہے اور اس کی ٹیم مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق جمعے کو پروازوں میں تعطل سائبر حملے کا نتیجہ نہیں تھا، تاہم ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب امریکا کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کا اندرونی رابطے کا نیٹ ورک بھی بند ہو گیا ہے، جس سے صدر اور اعلیٰ عہدیداروں کو خفیہ طریقے سے رابطوں اور معلومات کی رسائی متاثر ہو سکتی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق این ایس اے نیٹ ورک کی بندش بھی سائبر حملے کا نتیجہ ہونے کے شواہد نہیں ملے اور اس سے صدر کو ہنگامی انٹیلی جنس معلومات کی فراہمی متاثر نہیں ہو گی کیونکہ انہیں محفوظ رابطوں کے لیے متبادل نیٹ ورکس اور بیک اپ نظام دستیاب ہیں۔ امریکی سینیٹ میں اکثریتی رہنما نے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے کانگریس میں نگرانی سے متعلق سماعتوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فضائی نظام کو جدید بنانے اور بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔