لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ، نجی ڈی این اے ٹیسٹ کی بنیاد پر بچے سے لاتعلقی کا اظہار غیر قانونی ہے
اہم عدالتی فیصلہ، قانونی ازدواج میں پیدا ہونے والے بچے کی ولدیت متنازع نہیں کی جا سکتی، نجی رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں
لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ، نجی ڈی این اے ٹیسٹ کی بنیاد پر بچے سے لاتعلقی کا اظہار غیر قانونی ہے
لاہور ہائیکورٹنے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ نجی طور پر کرایا گیا ڈی این اے ٹیسٹ جائز ازدواج کے دوران پیدا ہونے والے بچے کے قانونی تشخص اور ولدیت کے مفروضے کو کالعدم قرار نہیں دے سکتا۔ عدالت نے یہ فیصلہ اسامہ طاہر اور دیگر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست خارج کرتے ہوئے سنایا، جس میں زینب عرفان اور دیگر کے حق میں دیے گئے نفقے اور جہیز کے سامان کی واپسی کے احکمات کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ قانون شہادت آرڈر، 1984 کے آر ٹیکل128 کے تحت جائز نکاح کے دوران پیدا ہونے والے بچے کی ولدیت کا حتمی قانونی مفروضہ موجود ہے، جسے قانون میں دی گئی استثنائی صورتوں کے علاوہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ ریکارڈ پر موجود شواہد کے مطابق فریقین کا نکاح 18 اگست 2019 کو ہوا تھا اور ان کا بیٹا 27 اپریل 2022 کو اس وقت پیدا ہوا جب نکاح برقرار تھا۔
درخواست گزار والد نے برطانیہ کی ایک نجی لیبارٹری سے حاصل کردہ ڈی این اے رپورٹ کی بنیاد پر بچے کی ولدیت سے انکار کیا تھا۔ تاہم، عدالت نے نوٹ کیا کہ یہ ٹیسٹ نجی طور پر کرایا گیا تھا اور ریکارڈ پر ایسا کوئی مواد موجود نہیں تھا جو ظاہر کرے کہ یہ ٹیسٹ کسی مجاز عدالت کی ہدایت یا نگرانی میں کیا گیا تھا۔ عدالت کے مطابق نجی طور پر حاصل کردہ ڈی این اے رپورٹ قانونی تحفظ کو ختم نہیں کر سکتی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بچوں کے تنازعات میں عدالتوں کو انسانی وقار اور کم سن بچوں کے جذبات کا خصوصی خیال رکھنا چاہئے۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ ڈی این اے ٹیسٹ کا معاملہ انتہائی حساس ہے اور اس کے لیے عدالتی اجازت یا بچے کے بہترین مفاد کا دیکھنا ضروری ہے۔ عدالت نے آئین کے آرٹیکل 4، 9 اور 14 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فرد کی آزادی، رازداری اور وقار کو قانون کے منافت نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ مسلم پرسنل لا (شریعت) ایکٹ 1962 اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں عدالت نے یہ بھی یاد دہانی کرائی کہ ولدیت کو چیلنج کرنے کے لیے شریعت اور قانون کے طے شدہ اصولوں کی پاسداری لازمی ہے۔