قومی بچت اسکیموں کے منافع میں رد و بدل، نئی شرحوں کا اعلان

اہم مالیاتی فیصلہ، متعدد سرٹیفکیٹس کی شرحیں تبدیل، نوٹیفکیشن جاری۔

November 18, 2026 · قومی
قومی بچت اسکیموں کے منافع میں رد و بدل، نئی شرحوں کا اعلان

قومی بچت اسکیموں کے منافع میں رد و بدل، نئی شرحوں کا اعلان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے مختلف قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرحوں میں رد و بدل کرتے ہوئے نئے نوٹیفکیشن کا اجراء کر دیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بعض سرٹیفکیٹس اور اکاؤنٹس کے منافع میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ متعدد اسکیموں کی سابقہ شرحیں بدستور برقرار رکھی گئی ہیں۔

دستاویز کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس کے ابتدائی 5 منافعوں کی شرح 11.8 فیصد مقرر کر دی گئی ہے، تاہم چھٹے منافع کی شرح 12.8 فیصد پر برقرار رہے گی۔ اسی طرح ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح 12.12 فیصد برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس اور شہدا فیملی اکاؤنٹس پر بھی سرمایہ کاروں کو پہلے کی طرح 12.96 فیصد منافع ملتا رہے گا۔

ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کی جانب سے شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی شرحوں کے تحت 3 ماہ کی مدت کے سرٹیفکیٹس پر 11.56 فیصد، 6 ماہ کے سرٹیفکیٹس پر 11.90 فیصد اور 1 سالہ سرٹیفکیٹس پر 12.14 فیصد منافع مقرر کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق عام سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح اب 10.50 فیصد ہوگی۔

علاوہ ازیں، سروا اسلامی ٹرم اکاؤنٹ کے 1 سالہ منصوبے کے لیے شرح 12.04 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کے 3 سالہ منصوبے پر منافع 11.98 فیصد کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کے 5 سالہ منصوبے کی شرح 12.12 فیصد پر برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ سروا اسلامی سیونگ اکاؤنٹ کے لیے متوقع منافع کی شرح بڑھا کر 12.04 فیصد کر دی گئی ہے۔