پنجاب میں تنازعات کے فوری اور سستے حل کیلئے پنچایت نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
اہم پیش رفت، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، رولز اور پالیسی گائیڈ لائنز طلب کرلیں۔
پنجاب میں تنازعات کے فوری اور سستے حل کیلئے پنچایت نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں تنازعات کے حل کے لیے روایتی پنچایت نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچایت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو فریقین کی باہمی رضامندی سے تنازعات حل کریں گی۔
سرکاری دستاویزات اور بریفنگ کے مطابق ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد کے حامل مستقل مقامی رہائشی کو پنچایت کا رکن مقرر کرے گا جبکہ ارکان کا انتخاب نیک نامی، غیر جانبداری اور دانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس پنچایت نظام میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ ججز، ریٹائرڈ فوجی افسران، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معزز شخصیات کو شامل کیا جائے گا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس نظام کے ذریعے خواتین، اقلیتوں، غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف تک رسائی کو آسان بنایا جائے گا۔ پنچایت نظام قانونی حدود، انصاف اور غیر جانبداری کے اصولوں کا پابند ہوگا جبکہ ہر شہری کے عدالتی تحفظ کے حصول کا حق بھی برقرار رکھا جائے گا۔ خواتین اور کمزور طبقات کے خلاف ممکنہ استعمال کی روک تھام کے لیے دائرہ اختیار سے متعلق ایک نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچایت پروگرام کے لیے رولز، پالیسی گائیڈ لائنز اور ضوابط کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم اور معززین کی دانشمندی سے حل کیا جا سکتا ہے اور عدالت ہی پہلا فورم نہیں بلکہ پنچایت کو ہونا چاہیے۔