ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار کو سرزنش اور ڈی میرٹ پوائنٹ مل گیا

آئی سی سی کی کارروائی، جارحانہ جشن منانا مہنگا پڑ گیا، رواں سال کی دوسری سزا

November 18, 2026 · اسپورٹس
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار کو سرزنش اور ڈی میرٹ پوائنٹ مل گیا

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار کو سرزنش اور ڈی میرٹ پوائنٹ مل گیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار کو باضابطہ سرزنش اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ سے نواز دیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ 13 نومبر کو ماؤنٹ مونگانوئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں 25 سالہ بھارتی فاسٹ بولر نے اننگز کے 12ویں اوور کے اختتام پر اوپنر ٹم سائیفرٹ کو آؤٹ کرنے کے بعد انتہائی جارحانہ انداز میں جشن منایا۔

آئی سی سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی بولر کا یہ انداز آؤٹ ہونے والے بیٹر کے لیے توہین آمیز محسوس ہوسکتا تھا جس سے مخالف کھلاڑی کے اشتعال میں آنے کا بھی خدشہ تھا۔ گرنور برار کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے، جو آؤٹ ہونے والے بیٹر کے خلاف نامناسب زبان، اشاروں یا جارحانہ رویے کے استعمال سے متعلق ہے۔

رپورٹس کے مطابق کھلاڑی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری رنجن مدوگالے کی جانب سے تجویز کردہ سزا کو قبول کر لیا، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئی۔ یاد رہے کہ رواں سال کے دوران بھارتی فاسٹ بولر کے خلاف یہ دوسری تادیبی کارروائی ہے۔ اس سے قبل جولائی میں انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ون ڈے میچ میں بیٹر کی جانب خطرناک اور نامناسب انداز میں گیند پھینکنے پر بھی انہیں وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔

حالیہ سزا کے بعد گرنور برار کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی مجموعی تعداد 2 ہو گئی ہے۔ آئی سی سی کے ضوابط کے تحت کھلاڑیوں کے یہ پوائنٹس 24 ماہ تک ان کے ڈسپلنری ریکارڈ کا حصہ رہتے ہیں، اور کل 4 ڈی میرٹ پوائنٹس مکمل ہونے پر 2 سسپینشن پوائنٹس ملتے ہیں جس کے نتیجے میں کھلاڑی پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔