صحافی شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور
این سی سی آئی اے بلوچستان نے سات روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم شاہد میتلا کے وکیل حبیب حنظلہ کی جانب سے راہداری ریمانڈر کی مخالفت کی گئی۔
صحافی شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور
سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے گذشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار صحافی شاہد میتلا کو بدھ کو مقامی عدالت میں پیش کیا، جہاں ان کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔انہیں بدھ کو اسلام آباد میں سول جج/ سپیشل مجسٹریٹ این سی سی آئی اے ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں این سی سی آئی اے بلوچستان نے سات روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم شاہد میتلا کے وکیل حبیب حنظلہ کی جانب سے راہداری ریمانڈر کی مخالفت کی گئی۔
سماعت کے دوران وکیل حبیب حنظلہ نے کہا: ’جب ملزم کو دوسرے صوبے میں ریمانڈ پر لے جانا ہو تو پولیس قوانین کے تحت ہوم آفس کے تحت کوآرڈینیشن لازمی ہے۔ شاہد میتلا کے مطابق انہوں نے بی ایل اے کے خلاف متعدد ٹویٹس کی ہیں اور انہیں بلوچستان میں خطرہ ہے۔وکیل نے بتایا کہ ’ہمیں ابھی تک ایف آئی آر ہی فراہم نہیں کی گئی۔ اسی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
وکیل حبیب حنظلہ نے میڈیاسے گفتگو میں بتایا کہ شاہد میتلا کے خلاف انوارالحق کاکڑ کی جانب سے ایک ٹویٹ پر جولائی میں کوئٹہ کے این سی سی آئی اے میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ سے ان کی قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کی گئی تھی۔
وکیل کے مطابق گذشتہ روز انہیں اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا اور 24 گھنٹے کا اضافی وقت حاصل کرنے کے لیے گرفتاری کی رسمی تاریخ رات 12 بجے کے بعد ظاہر کی گئی۔ عدالت میں پولیس نے ایک ہفتے کا راہداری ریمانڈ مانگا، جس پر جج نے ابتدا میں تین دن کا ریمانڈ منظور کر لیا تھا۔
وکیل کا کہناہے کہ بین الصوبائی تحویل کی منتقلی کے لیے دونوں صوبوں کے ہوم ڈپارٹمنٹس کے مابین باضابطہ رابطہ اور منظوری ضروری ہے، جس کے بعد جج نے تین روزہ راہداری ریمانڈ کا حکم واپس لیتے ہوئے پولیس کو قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں عدالت نےشاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔