دو خواتین کے قتل کے مجرم کی دو مرتبہ سزائے موت برقرار، ہائی کورٹ نے اپیل مسترد کردی

ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے دونوں سزاؤں کی توثیق کردی

November 18, 2026 · قومی

دو خواتین کے قتل کے مجرم کی دو مرتبہ سزائے موت برقرار، ہائی کورٹ نے اپیل مسترد کردی

سوات: پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بنچ (دارالقضاء سوات) نے دو خواتین کے قتل میں ملوث مجرم فضل الرحمان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کی جانب سے سنائی گئی دو مرتبہ سزائے موت برقرار رکھنے کا فیصلہ سنادیا، جبکہ دونوں سزاؤں کی توثیق بھی کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ دستیاب شواہد سے دونوں قتل ثابت ہوچکے ہیں اور استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

ڈویژن بنچ کے جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال اور جسٹس صلاح الدین نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ جاری کیا۔

مقدمے کے مطابق فضل الرحمان نے 7 اکتوبر 2024 کو گھریلو ناچاقی پر پہلے اپنی سوتیلی والدہ مسماۃ (ر) کو گھر میں فائرنگ کرکے قتل کیا، جس کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد اپنی بیوی مسماۃ (گ) کو اس کے والدین کے گھر میں فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دستیاب شواہد سے دونوں خواتین کا قتل فضل الرحمان کی جانب سے ثابت ہوچکا ہے اور استغاثہ بھی جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا، لہٰذا اپیل میں سزا کے خلاف اٹھائے گئے اعتراضات قابل قبول نہیں۔ ماتحت عدالت کے فیصلے میں مداخلت کی کوئی گنجائش نہ ہونے پر اپیل مسترد کردی گئی۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع شانگلہ نے 16 ستمبر 2025 کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت جرم ثابت ہونے پر فضل الرحمان کو دونوں قتلوں کے جرم میں دو مرتبہ سزائے موت سنائی تھی اور مقتولین کے قانونی ورثاء کو فی کس 30 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

ماتحت عدالت نے دفعہ 15-AA کے تحت تین سال قید اور جرمانے کی سزا بھی سنائی تھی، جبکہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 200 اور 201 کے تحت الزامات ثابت نہ ہونے پر ملزم کو بری کردیا تھا۔

ہائی کورٹ نے مرڈر ریفرنس منظور کرتے ہوئے دونوں سزائے موت کی توثیق بھی کردی