مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے منصوبے پرعمل درآمد کیا جائے، نوازشریف
افتخار گیلانی وزیراعظم بن گئے ہیں تو لگتا ہے جیسے میں وزیراعظم بن گیا ہوں، پریس کانفرنس
فوتو بشکریہ مقامی میڈیا
مظفر آباد: قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ خواہش ہے کہ مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے منصوبے پر عمل ہو۔
آزاد کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی پلان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ امیر مقام، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری اور خواجہ سعد رفیق نے الیکشن کے دوران بے پناہ کام کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ تمام رہنماؤں کو اکٹھا دیکھ کر خوشی ہوئی، مہم کے دوران اندازہ ہو رہا تھا کہ الیکشن جیتیں گے۔
قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ آزاد کشمیر کا ماضی بہت دردناک ہے، ایسی ایسی حکومتیں آئیں جنہوں نے عوام سے کیے گئے وعدے بھلا دیے اور عوام کے ساتھ بے حسی والا سلوک کیا گیا۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا دینا چاہتے ہیں، جو جذبہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا ہے وہی میرا ہے، چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کی حکومت کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے۔
انہوں نے کہا کہ از راہِ مذاق میں کہا تھا کہ الیکشن جیت گئے تو میں آزاد کشمیر کا وزیراعظم بن جاؤں گا، افتخار گیلانی وزیراعظم بن گئے ہیں تو لگتا ہے جیسے میں وزیراعظم بن گیا ہوں، مریم نواز نے مظفرآباد اور میرپور کے لیے گرین بسیں دی ہیں اور آزاد کشمیر کی ترقی میں حصہ ڈالا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص کارکردگی سے ترقی کا عمل بری طرح متاثر ہوا، خوش آئند بات یہ ہے کہ آزاد کشمیر کی قیادت میں خدمت کا جذبہ اور عزم موجود ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ پندرہ سال خیبر پختونخوا میں حکومت رہی مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، مریم نواز بھی پنجاب میں قابلِ تعریف کام کر رہی ہیں، پنجاب میں کارکردگی کی اصل بنیاد شہباز شریف نے رکھی تھی، (شہباز شریف کا جواب: نہیں، آپ نے بنیاد رکھی تھی۔)
اُن کا آزاد کشمیر حکومت کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہوں، خواہش ہے کہ مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے منصوبے پر عمل ہو۔
نواز شریف نے کہا کہ ہائیوں سے التوا کا شکار لواری ٹنل کے منصوبے کو مکمل کیا، میرے دور میں بجلی کی قیمت اور افراطِ زر انتہائی کم تھے، جی ڈی پی اور شرح نمو ساڑھے 7 فیصد تھی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2017 تک اپنے دورِ حکومت میں ڈالر کی قیمت کو 104 روپے سے بڑھنے نہیں دیا، گلگت سے سکردو تک ہائی وے بنائی جس پر 50 ارب روپے لاگت آئی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایک منصوبہ خود مکمل کرایا اور وہ لواری ٹنل تھا، لواری ٹنل منصوبہ 50 سال تک بھٹکتا رہا، میں نے فیصلہ کیا کہ اسے بنانا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ 25 ارب لگتے ہیں یا 50 ارب، لواری ٹنل منصوبہ مکمل کریں گے، اسے مکمل کرنے کا یہ انعام ملا کہ میری حکومت ختم کر دی گئی، میرے دور میں روپے کی قدر مستحکم رہی، اس پر اسحاق ڈار کو بھی شاباش ملنی چاہیے۔