پاکستان کا پہلا خواتین زرعی بیج بینک قائم کرنے کا فیصلہ

خواتین کو پولٹری فارمنگ، دودھ کی پیداوار اور مویشی پالنے کے شعبوں میں بھی فنی معاونت اور تربیت فراہم کی جائے گی

November 18, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ٹنڈوجام: سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام نے نجی تحقیقی ادارے 360 اے جی سرچ کے اشتراک سے پاکستان کا پہلا خواتین زرعی بیج بینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد خواتین کاشتکاروں کو بااختیار بنانا، مقامی اور نایاب بیجوں کا تحفظ، زرعی جینیاتی وسائل کی بحالی اور پائیدار و ماحول دوست زراعت کو فروغ دینا ہے۔

اس سلسلے میں دونوں اداروں کے درمیان تین سالہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ مفاہمتی یادداشت پر سندھ زرعی یونیورسٹی کے دفتر برائے تحقیق، جدت اور تجارتی فروغ (اورک) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر آسیہ اکبر پنہور اور 360 ای جی سرچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حمود احمد صدیقی نے دستخط کیے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال، اسٹوڈنٹ ٹیچر انگیجمنٹ پروگرام (اسٹیپ) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر، شکیل احمد، ڈاکٹر محمودہ برڑو، ڈاکٹر غلام حسین وگن اور دیگر بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت خواتین کی قیادت میں زرعی بیج بینک قائم کیا جائے گا، جہاں مقامی، روایتی اور نایاب بیجوں کو محفوظ کرنے، ان کی افزائش، تبادلے اور معیاری بیج کی پیداوار پر کام کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں خواتین کاشتکاروں کو بیجوں کے تحفظ، جدید زرعی طریقوں اور فنی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ زرعی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے ساتھ معاشی طور پر بھی خودمختار بن سکیں۔

مفاہمتی یادداشت میں بیج سے بیج اور نسل در نسل کے تصورات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جن کے تحت مقامی اور نایاب بیجوں کے زرعی ورثے کو محفوظ کرکے آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ زرعی جینیاتی وسائل کی بحالی اور ایسے فصلوں کی اقسام کے فروغ پر بھی کام ہوگا جو خشک سالی، شدید گرمی، زمین کی سیم و تھور اور سیلاب جیسے موسمیاتی اثرات برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں تاکہ غذائی تحفظ اور زرعی تنوع کو مضبوط بنایا جاسکے۔

معاہدے کے تحت خواتین کو پولٹری فارمنگ، دودھ کی پیداوار اور مویشی پالنے کے شعبوں میں بھی فنی معاونت اور تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ زرعی شعبے میں خواتین کے لیے روزگار اور آمدنی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔