اسرائیل کا غزہ میں شدید فوجی آپریشن اور ناصر اسپتال پر بمباری، متعدد فلسطینی شہید
فوجی کارروائی کا آغاز، ہزاروں افراد کی نقل مکانی، اسپتال بھی نشانہ بنا۔
اسرائیل کا غزہ میں شدید فوجی آپریشن اور ناصر اسپتال پر بمباری، متعدد فلسطینی شہید
اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں ایک بار پھر بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے جس کے تحت ٹینکوں اور بلڈوزرز نے البریج اور النصیرات کیمپوں کے شمال مغربی علاقوں کی جانب پیش قدمی کی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے المغراقہ، وادی غزہ پل، الدعوہ محلے اور صلاح الدین روڈ کے مشرقی علاقوں کی طرف بھی کارروائیاں شروع کی ہیں، جس کے نتیجے میں درجنوں خاندانوں کو مجبوراَ نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔
اس سے قبل مقامی آبادی اور بے گھر افراد کو علاقہ خالی کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ ایک سال سے زائد عرصہ قبل جنگ بندی کے معاہدے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہری علاقوں کے اندر فوجی کارروائی کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ وسطی علاقے المغراقہ میں ہونے والے ایک فضائی حملے میں کم از کم 1 شخص شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی شہر خان یونس کے ناصر اسپتال پر بھی شدید بمباری کی ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حملے کا ہدف حماس کے کمانڈروں کی مبینہ موجودگی تھی اور اس کارروائی میں حماس کے انجینئرنگ یونٹ کے کمانڈر مراد توفیق محمود ابو زریفہ سمیت 3 افراد کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا موقف ہے کہ مراد توفیق 7 اکتوبر کے واقعات میں بھی ملوث تھا، جبکہ اس حملے میں مواصلات کے شعبے کے سربراہ خالد اسامہ ابو عنزہ اور نخبا فورس کے محمد نافذ ابو عواد کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ادھر غزہ کے طبی حکام اور مقامی انتظامیہ نے اسپتال پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس بمباری کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور کم از کم 20 زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک سرجن اور ایک کم عمر لڑکا بھی شامل ہے۔ طبی عملے کا کہنا ہے کہ اسپتالوں پر حملے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ حماس اور اسلامی جہاد نے اس پورے فوجی آپریشن کو جنگ بندی کو سبوتاژ کرنے کا خطرناک منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس تمام جارحیت کی ذمہ داری امریکا اور غزہ امن بورڈ پر عائد کی ہے۔