مرکزی مسلم لیگ کا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو 5 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس

ہتک آمیز بیانات پر نوٹس جاری، 7 روز میں معافی کا مطالبہ، بصورت دیگر عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

November 19, 2026 · قومی
مرکزی مسلم لیگ کا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو 5 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس

مرکزی مسلم لیگ کا وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو 5 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس

لاہور: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو ہتک آمیز اور جھوٹے بیانات دینے پر 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔ قانونی نوٹس پارٹی کے صدر خالد مسعود سندھو کی طرف سے ان کے وکلا صاحبزادہ محمد عامر حبیب، رانا محمد عبدالحفیظ اور شیخ ایم نعیم مظہر ایڈووکیٹس ہائی کورٹ کے توسط سے جاری کیا گیا ہے۔

قانونی دستاویزات کے مطابق، عظمیٰ بخاری پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بیانات جاری کیے جن میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو مبینہ طور پر دہشت گرد، غیر قانونی اور کالعدم جماعت قرار دیا گیا۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ بیانات سراسر جھوٹے، بے بنیاد، توہین آمیز اور ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں، جن سے جماعت کے صدر خالد مسعود سندھو کی عزت، وقار اور ساکھ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔

دستاویز کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے جو 2022ء سے ملک میں سیاسی اور فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ جماعت نے 2024ء کے عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان کرسی کے تحت حصہ لیا جبکہ 8 نومبر 2026ء کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخابات میں دوسری بڑی جماعت ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

قانونی نوٹس کے ذریعے عظمیٰ بخاری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ نوٹس موصول ہونے کے 7 روز کے اندر اپنے تمام بیانات واپس لیں، سوشل میڈیا سے متنازع مواد فوری طور پر حذف کریں اور اسی پلیٹ فارم کے ذریعے غیر مشروط تحریری و عوامی معذرت کریں۔ اس کے علاوہ، پیکا ایکٹ کے تحت وضع کردہ اخلاقی ضابطے کی مبینہ خلاف ورزی پر این سی سی آئی اے سے بھی رجوع کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ نوٹس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ مقررہ مدت میں مطالبات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں مجاز عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور تمام اخراجات کی ذمہ داری متعلقہ وزیر پر عائد ہوگی۔