ترکیہ میں روسی مسافر طیارے کو بم سے اڑانے کی جعلی دھمکی، تمام مسافر بحفاظت باہر نکال لیے گئے
دورانِ پرواز دھمکی موصول، انطالیہ ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ، تلاشی میں کچھ نہیں ملا۔
ترکیہ میں روسی مسافر طیارے کو بم سے اڑانے کی جعلی دھمکی، تمام مسافر بحفاظت باہر نکال لیے گئے
ترکیہ کے جنوبی شہر انطالیہ جانے والے ایک روسی مسافر طیارے کو دورانِ پرواز بم کی دھمکی موصول ہوئی، تاہم عملے اور حکام کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی اور تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
ترک خبر رساں اداروں کے مطابق روسی ایئرلائن ازیمتھ ایئرلائنز کا سخوئی سپرجٹ 100 طیارہ روس کے شہر منرلنی ووڈی سے ترکیہ کے شہر انطالیہ جا رہا تھا۔ یاد رہے کہ انطالیہ میں اس وقت اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (COP31) جاری ہے۔
ترک خبر رساں اداروں ڈی ایچ اے اور آئی ایچ اے کے مطابق بم کی دھمکی ملنے کے بعد طیارے نے انطالیہ ایئرپورٹ پر ہنگامی بنیادوں پر لینڈنگ کی۔ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو ایئرپورٹ کے محفوظ حصے میں منتقل کیا، جہاں اس پر سوار تمام 65 مسافروں اور عملے کے 4 ارکان کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
دستاویزات اور ذرائع کے مطابق طیارے کی تفصیلی تلاشی کے دوران کوئی بھی مشتبہ شے یا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا، جس کے بعد اس دھمکی کو افواہ اور جعلی قرار دے دیا گیا۔ ترک حکام کی جانب سے اس واقعے کی مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران یورپ بھر میں متعدد تجارتی پروازوں کو اس قسم کی جعلی بم دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں، جن کے بعد کئی یورپی ممالک نے ان واقعات کی باضابطہ تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔ آئرلینڈ کی جانب سے ان واقعات کو فضائی نظام میں خلل ڈالنے کی ایک منظم مہم قرار دیا گیا ہے، تاہم اب تک ان کارروائیوں میں ملوث کسی بھی فرد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔