سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کسی کے غلام نہیں ہیں، خالد مقبول صدیقی

اہم بیان، نئے صوبوں کا مطالبہ غداری نہیں، اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

November 19, 2026 · قومی
سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کسی کے غلام نہیں ہیں، خالد مقبول صدیقی

سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کسی کے غلام نہیں ہیں، خالد مقبول صدیقی

وفاقی وزیر اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کسی کے غلام نہیں ہیں اور انہیں دھمکیاں دینے سے پہلے سوچنا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایم کیو ایم نے کبھی صرف سندھ، کراچی یا کسی مخصوص مہاجر صوبے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ پورے ملک میں آبادی اور انتظامی ضرورت کے مطابق نئے صوبے بنانے کی بات کی ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت بالخصوص بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب پورے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام پر بحث ہورہی ہے، تو پھر کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ جیسے شہروں کے لیے خون ریزی کی باتیں کیوں کی جارہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی گفتگو میں دلیل کا جواب دلیل سے دیتے ہیں مگر دھمکیوں کے ہرگز روادار نہیں ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے امن و امان کے ذمہ دار اداروں اور عدالتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔

موجودہ سیاسی نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت اور خاندانی یا جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان بہت طویل فاصلہ ہے۔ اکثر سیاسی قیادت سیاسی کارکنوں کے بجائے خاندانی اور موروثی بنیادوں پر سامنے آتی ہے، جس کے باعث عوام کی صحیح نمائندگی محدود ہوکر رہ جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ نہ تو غداری ہے اور نہ ہی کوئی سازش، بلکہ یہ خالصتاً ایک انتظامی ضرورت ہے۔

سندھ کی معیشت میں شہری علاقوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اکیلا کراچی صوبے کے بجٹ کی آمدن میں 93 فیصد سے 97 فیصد تک حصہ ڈالتا ہے، جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ اور سکھر جیسے دیگر شہر بھی اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ تحریک پاکستان میں بھرپور کردار ادا کر کے یہاں آئے تھے، لہٰذا معاشی طور پر ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے ان علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دینا افسوسناک ہے۔