راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے کینسر کا پہلا کامیاب علاج
اہم طبی سنگ میل، جگر کے ٹیومر کا کامیاب خاتمہ، پنجاب کے نارتھ ریجن میں پہلی بار جدید طریقہ علاج متعارف کرا دیا گیا۔
راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے کینسر کا پہلا کامیاب علاج
راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں جدید طبی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کینسر کے علاج کا ایک نیا باب رقم کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال میں کیرو ابلیشن مشین کی مدد سے کینسر کے علاج کا پہلا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، جس سے کمیٹی چوک کی رہائشی 50 سالہ خاتون مریضہ بلقیس بیگم کو جگر میں موجود کینسر کے ٹیومر سے نجات مل گئی ہے۔
ہسپتال ذرائع اور دستیاب ریکارڈ کے مطابق بلقیس بیگم کے جگر میں موجود کینسر ٹیومر کا خاتمہ کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے 1 گھنٹے کے طویل پراسس کے بعد ممکن بنایا گیا۔ خاتون مریضہ کے جگر میں موجود اس کینسر ٹیومر کے خاتمہ کے لیے 16 لاکھ روپے مالیت کا پروب استعمال کیا گیا۔ علاج کے بعد اب مریضہ کو باقاعدگی سے فالو اپ چیک اپ کے لیے ہولی فیملی ہسپتال لایا جائے گا۔
دستاویزات کے مطابق پنجاب کے نارتھ ریجن میں کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے کینسر کے کامیاب علاج کا یہ پہلا کیس ہے۔ اس کامیابی کے بعد ہولی فیملی ہسپتال میں جگر، گردے اور سینے کے کینسر سے مریضوں کو نجات دلانے کا جدید نظام باضابطہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے پاس پہلے مرحلے میں ایسے 16 مریضوں کے علاج کے لیے اتنے ہی پروب دستیاب ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق جو مریض کیرو ابلیشن مشین کے مخصوص علاج کے معیار پر پورے اتریں گے، ان کا یہ مہنگا علاج بالکل مفت کیا جائے گا۔ اس جدید تکنیک کی مدد سے جگر، گردے اور سینے میں 2 سے 3 سینٹی میٹر سائز کے کینسر ٹیومر کا کامیابی سے خاتمہ کیا جا سکے گا۔