سوات میں 13 سالہ بچی کی 45 سالہ شخص سے مبینہ زبردستی شادی، والد اور شوہر گرفتار
تین ماہ قبل کم عمر بچی کا نکاح کرانے کا الزام، والد اور شوہر کے خلاف متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج
سوات میں 13 سالہ بچی کی 45 سالہ شخص سے مبینہ زبردستی شادی، والد اور شوہر گرفتار
سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ میں 13 سالہ بچی کی مبینہ طور پر 45 سالہ شخص سے زبردستی شادی کرانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، پولیس نے بچی کے والد اور شوہر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کم عمر بچی کی شادی تین ماہ قبل 45 سالہ شخص سے مبینہ طور پر زبردستی کرائی گئی تھی۔ شادی کے تین ماہ بعد بچی اپنی والدہ کے ہمراہ تھانے پہنچ گئی اور اپنی مدعیت میں والد بخت زادہ اور شوہر عزیز وہاب کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
درج شدہ ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ اور چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ سمیت متعدد دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں زبردستی شادی کرانے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔